رالیگاؤ ں سدھی۔15 دسمبر (پی ٹی آئی) انسداد رشوت ستانی جہد کار انا ہزارے نے لوک پال بل کمزور ہونے سے متعلق اروند کجریوال کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی کو یہ محسوس ہوتا ہے کہ بل میں خامیاں ہیں تو اسے اس کے لئے بھوک ہڑتال کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا ’’میں نے بل کے مسودہ کا بغور مطالعہ کیا ہے۔ اس میں ان کی کئی توقعات پوری ہوئی ہیں وہ بل سے مطمئن ہیں ۔ انہوں نے بل کو ملک اور عوام کے لئے فائدہ مند قرار دیتے ہوئے اس کا خیرمقدم کیا ۔ انا ہزارے نے بل کی تائید کرنے کانگریس‘ بی جے پی کے بشمول بڑی سیاسی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا۔ اسی دوران انا کی غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال آج چھٹویں دن میں داخل ہوگئی ہے ۔ وہ پارلیمنٹ میں لوک پال بل کی منظوری کا مطالبہ کرتے ہوئے اپنے آبائی موضع میں یہ ہڑتال کررہے ہیں ۔ ان کے معاون سریش پٹھارے نے بتایا کہ مرن برت شروع کرنے کے بعد سے انا کے وزن میں 4 کیلو کی کمی ہوگئی ہے۔ اسی دوران سابق مرکزی
وزیر بالا صاحب وکھے پاٹل نے آج ہزارے سے ملاقات کی اور ان سے اظہار یگانگت کیا۔ اس موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وہ اپنی شخصی دلچسپی سے یہاں آئے ہیں اور تمام جماعتوں سے اس احتجاج کی تائید کرنے اور پارلیمنٹ میں بل کی منظوری کو یقینی بنانے کی اپیل کرتے ہیں ۔ ہزارے نے راجیہ سبھا میں پیش کردہ ترمیمی بل کی ستائش کی ہے لیکن ان کے سابق بااعتماد رفیق اروند کجریوال نے اسے ’جوک پال ‘ سے تعبیر کرتے ہوئے مسترد کردیا۔ ہزارے نے کہا ’’میں اسے مکمل طور سے قبول کرتا ہوں ۔ اگر بل منظور ہوجائے تو میں اپنی بھوک ہڑتال ختم کردوں گا ۔ بل سے ملک کے غربیوں کا فائدہ ہوگا۔ ‘‘ کجریوال نے ٹویٹر پر اپنے ردعمل میں کہا ’’مجھے حیرت ہے کہ انا نے سرکاری لوک پال بل کو کیسے قبول کرلیا؟ سرکاری لوک پال درحقیقت جوک پال ہے ۔ انہیں کس نے گمراہ کیا۔ انہیں کہنا چاہئے تھا کہ ہم جن لوک پال بل کے لئے اپنی جدوجہد آخری سانس تک جاری رکھیں گے۔‘‘